نئی دہلی،6؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سماج وادی پارٹی اور بی جے پی نے بھلے ہی حال میں یوپی میں ایک دوسرے کے خلاف جم کر لڑا ہو،لیکن پارلیمنٹ میں دونوں پارٹیوں کے درمیان اس وقت دلچسپ ماحول دیکھنے میں آیا ، جب راجیہ سبھا میں بحث کے دوران ایس پی لیڈر نریش اگروال نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا موازنہ ہنومان سے کردیا ۔دراصل بدھ کو ایس پی لیڈر اگروال جی ایس ٹی سے متعلق چار بلوں پر ہو رہی بحث میں حصہ لے رہے تھے، ان بلوں کو گزشتہ ہفتے لوک سبھا سے منظوری دی گئی تھی اوراس کو ایوان بالا میں بدھ کو پیش کیا گیا تھا۔حکومت نے دراصل ان کو منی بل کے طور پر پیش کیا ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ راجیہ سبھا میں اس پر دی گئی تجاویز کو ماننے کے لیے حکومت پابند نہیں ہے ۔منی بل کے طور پر پیش کئے جانے کی اپوزیشن پارٹی راجیہ سبھا میں مخالفت کر رہی ہیں۔اپوزیشن پارٹیوں کا الزام ہے کہ ایوان بالا کو غیر موثر بنانے کا یہ حکومت کا طریقہ ہے اور حکومت اسی طرح سے اہم بلوں کو پاس کرانا چاہتی ہے۔اسی ترتیب میں ایس پی لیڈر اگروال نے بحث کے دوران وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے راجیہ سبھا کے اختیارات میں کمی کو روکنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو ہمارے ہنومان ہیں۔دراصل اپوزیشن پارٹیوں کا الزام ہے کہ حکومت میں لوک سبھا کے پاس زبردست اکثریت ہے اور اسی وجہ سے وہاں پر کسی بھی بل کو پاس کرانے میں حکومت کو کسی طرح کی دقت کاسامنا نہیں کرنا پڑتا ہے، لیکن راجیہ سبھا میں وہ اقلیت میں ہے،اس لیے ایسے میں وہاں پر بل کو پاس کرانے کے لیے حکومت کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔